(لاہور نیوز) پاکستان کے سابق کپتان شعیب ملک نے قومی کرکٹر اعظم خان کی دعوت کی دلچسپ کہانی سنادی۔
سابق کپتان شعیب ملک ورلڈکپ کے دوران سابق کرکٹرز مصباح الحق ، وسیم اکرم اور معین خان کے ہمراہ ایک شو میں شریک ہوئے، شو میں کرکٹ پر تبصروں کے دوران شعیب ملک نے معین خان کے سامنے انکے بیٹے اعظم خان کی کھانے سے رغبت کی دلچسپ کہانی بیان کی اور معین خان کو پابند کیا کہ وہ اس کہانی کے بعد اعظم کو کچھ نہیں کہیں گے۔
شعیب ملک نے بتایا کہ میں ایک مرتبہ رمضان کے دنوں میں دبئی والے گھر میں تھا جب مجھے اعظم کی رات میں کال آئی کہ میں دبئی آیا ہوا ہوں تو میں نے انہیں دعوت دیتے ہوئے کہا کہ گھر آؤ میں تمہیں سحری کرواتا ہوں اس کے بعد اعظم میری بتائی ہوئی لوکیشن پر پہنچ گئے۔
سابق کپتان نے بتایا کہ ان کے آنے کے بعد میں نے ان سے سحری میں کھانے کے حوالے سے پوچھا تو انہوں نے کہا جو آپ کھاتے ہیں وہ بنوالیں، میں نے انہیں بتایا کہ میں تو زیتون کے تیل سے تیار پراٹھا اور آملیٹ کھاتا ہوں جس پر اعظم نے کہا میرے لیے بھی وہی بنوالیں۔
شعیب ملک کے مطابق اس کے بعد میں نے اعظم کیلئے پہلے 6 انڈوں کا آملیٹ اور 4 سے 5 پراٹھے بنوائے، اعظم نے 3 منٹ کے اندر 6 انڈوں کا آملیٹ کھالیا اس کے بعد میں نے ان کیلئے پھر 6 انڈوں کا آملیٹ اور بنوالیا اس کے بعد جب آملیٹ ختم ہوگیا تو اس نے دو پراٹھے چائے میں ڈبو کر بھی کھائے۔