(ویب ڈیسک) آئی سی سی ورلڈکپ میں بھارت کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی سے جرسی لینے پر بابر اعظم شدید تنقید کی زد میں آ گئے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کپتان بابر اعظم احمد آباد کے سٹیڈیم میں بھارت کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد ویرات کوہلی سے ان کے آٹو گراف والی جرسی لے رہے ہیں، جس پر بابر اعظم کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے بھی بابر اعظم کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بابر کو کوہلی سے گراؤنڈ میں نہیں ملنا چاہیے تھا، وہ صورتحال ملنے کیلئے نہیں تھی، بابر کو یہ جرسی کوہلی سے اکیلے میں لینی چاہیے تھی۔
یاد رہے کہ بھارت نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 7 وکٹوں سے شکست دے کر ورلڈکپ کی تاریخ میں گرین شرٹس کیخلاف مسلسل 8 ویں فتح حاصل کی۔