(لاہور نیوز) کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے سب سے بڑے ٹاکرے سے قبل آج موسیقی کی رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔
پاک بھارت میچ سے قبل موسیقی کی تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں بالی ووڈ کے معروف گلوکار اپنے سر بکھیرتے نظر آئیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 14 اکتوبر کو احمد آباد میں پاک بھارت میچ سے قبل موسیقی کی تقریب منعقد کی جائے گی، تقریب دن 12 بج کر 40 منٹ پر شروع اور 1 بج کر 10 منٹ پر اختتام پذیر ہوگی۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ان بالی ووڈ گلوکاروں کی فہرست جاری کی ہے جو پاک بھارت میچ سے قبل ہونے والی تقریب میں شرکت کریں گے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے مطابق گلوکار اریجیت سنگھ، شنکر مہادیون اور سکھویندر سنگھ پاکسان اور بھارت کے میچ سے قبل اپنی گلوکاری سے شائقین سمیت کھلاڑیوں کو پرجوش کریں گے۔
نریندرا مودی کرکٹ سٹیڈیم احمد آباد میں ہونیوالی تقریب میں آتشبازی کا مظاہرہ کیا جائے گا، آئی سی سی، گلوبل کرکٹ باڈی اور بی سی سی آئی کے نمائندگان سمیت ایونٹ میں شامل تمام 10 ٹیموں کے کپتان بھی شرکت کریں گے۔
پاک بھارت شائقین سمیت دونوں ممالک کے شوبز ستاروں کو بھی بے صبری سے ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے میچ کا انتظار ہے، اس میچ کو دیکھنے کے لیے بھارت کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن اور رجنی کانت کو گولڈن ٹکٹ بھی دیا گیا ہے۔