(لاہور نیوز) ورلڈ کپ 2023ء کا سب سے بڑا ہائی وولٹیج ٹاکرا کل ہو گا، قومی ٹیم کی جانب سے عالمی ایونٹ کے اہم میچ کیلئے بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔
ون ڈے کرکٹ کے عالمی ایونٹ کا 12 واں میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان 14 اکتوبر کو بھارتی شہر احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہو گا، ہائی وولٹیج میچ کی تیاری کیلئے قومی کرکٹ ٹیم نے ٹریننگ سیشن میں بھرپور حصہ لیا، کھلاڑیوں نے اپنی خامیوں پر قابو پانے کیلئے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کیں۔
احمد آباد میں شیڈول کل اہم میچ سے قبل میوزیکل شو بھی منعقد کیا جائے گا، پاک بھارت ٹاکرے کی وجہ سے شائقین میں خوب جوش و خروش پایا جا رہا ہے، ہائی وولٹیج میچ دیکھنے کے خواہشمندوں کو احمد آباد شہر کے ہوٹلز میں جگہ نہیں مل رہی جس کے باعث شائقین کی جانب سے ہسپتالوں میں بکنگ کروانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ورلڈ کپ کے بڑے میچ سے پہلے ہوٹلوں کے کرایوں میں بے تحاشہ اضافے کے باعث شائقین کرکٹ میچ سے ایک دن پہلے ہسپتالوں میں بکنگ کروانے لگ گئے ہیں، مبینہ مریض ہوٹل کے کرایوں میں اضافے کی وجہ سے ہسپتال میں رک کر پاک بھارت میچ دیکھنا چاہتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق پاک بھارت میچ کے جعلی ٹکٹ 25 گنا مہنگے داموں فروخت ہو رہے ہیں تاہم بھارتی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی ٹکٹ بیچنے والے 4 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔