(لاہور نیوز) نگران وزیرخزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے چار وفاقی سیکرٹریوں پر مشتمل کور گروپ قائم کر دیا گیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق سیکرٹری پلاننگ، سیکرٹری انڈسٹری پروڈکشن، سیکرٹری تجارت، سیکرٹری فوڈ سکیورٹی کمیٹی میں شامل ہوں گے، کمیٹی مہنگائی کنٹرول کرنے اور اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد بارے رپورٹ پیش کرے گی،وزارت آئی ٹی نے ٹیلی کام انفراسٹرکچر شیئرنگ فریم ورک کی سمری اجلاس میں پیش کی۔
وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق نیکسٹ جنریشن موبائل براڈ بینڈ سروسز کی بہتری کیلئے آئی ایم ٹی سپیکٹرم جاری کرنیکی منظوری دی گئی، ان سولڈ آئی ایم ٹی سپیکٹرم کے اجراء کیلئے ایڈوائزری کمیٹی بھی تشکیل دینے کی منظوری دی گئی،طوارقی سٹیل ملز کا نام نیشنل سٹیل کمپلیکس رکھنے کی بھی اصولی منظوری دیدی۔
وزارت خزانہ کے مطابق وزارت توانائی کو تمام فرٹیلائزر پلانٹس کو گیس کی فراہمی جاری رکھنے کی منظوری دی گئی،فرٹیلائزر پلانٹس کو دی جانے والی گیس کی قیمت کے تعین کیلئے بین الوزارتی کمیٹی قائم کر دی گئی، وزارت خزانہ، پلاننگ، تجارت، فوڈ سکیورٹی، انڈسٹریز پروڈکشن توانائی کے حکام اجلاس میں شامل ہوئے۔