(لاہور نیوز) غریب کی سواری سمجھی جانے والی موٹرسائیکل بھی اب سستی نہ رہی، سوزوکی کمپنی نے موٹرسائیکل کی قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا۔
دن بدن بڑھتی مہنگائی سے جہاں بنیادی ضروریات زندگی کی تمام چیزیں مہنگی ہو گئیں وہیں عام آدمی کی سواری موٹر سائیکل کی قیمت بھی کسی کے قابو میں نہیں آ رہی، نئی موٹر سائیکل کی قیمت میں تو اضافہ ہوا ہی ہے مگر پرانی موٹر سائیکلوں کی قیمتوں نے بھی شہریوں کے اوسان خطا کر رکھے ہیں۔
غریب آدمی کا ایک جگہ سے دوسری جگہ سفر کرنا بھی خواب بنتا جارہا ہے، سوزوکی کمپنی نے موٹرسائیکلز کی قیمتوں میں 17 سے 50 ہزار روپے کا اضافہ کردیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
کمپنی نوٹیفکیشن کے مطابق سوزوکی جی ڈی 100 ایس 17 ہزار روپے کے اضافے سے 3 لاکھ 52 ہزار روپے کی ہوگئی،سوزوکی جی ایس 150 سی سی 18 ہزار روپے کے اضافے سےاب 3 لاکھ 82 ہزار روپے میں ملے گی جبکہ سوزوکی 250 سی سی 50 ہزار اضافے سے 11 لاکھ 90 ہزار روپے کی ہوگئی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ غریب کی سواری موٹر سائیکل بھی قوت خرید سے باہر ہو گئی ہے، چائینہ کی موٹر سائیکل بھی 1 لاکھ روپے سے کم میں نہیں ملتی، مارکیٹ میں گھنٹوں سے گھومنے کے باوجود قیمتیں موٹرسائیکلوں کو ہاتھ تک نہیں لگانے دے رہیں۔
دوسری جانب تاجروں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں بار بار اتار چڑھاؤ کے باعث فروخت بڑی متاثر ہوئی ہے، مہنگائی کے بوجھ تلے دبےشہریوں کے لیے سواری خریدنا بھی ناممکن ہوتا جا رہا ہے ۔