(لاہور نیوز) نامور اداکار سید کمال شاہ کو ہم سے بچھڑے 14 برس بیت گئے، سید کمال نے سنجیدہ اور مزاحیہ ہر قسم کے کردار نبھائے اور اپنی فنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
60 اور 70 کی دہائی کے کامیاب اداکار سید کمال شاہ 27 اپریل 1937 میں ہندوستان کے شہر میرٹھ میں پیدا ہوئے اور بعد ازاں ہجرت کر کے پاکستان آگئے۔
پاکستان میں ان کی پہلی فلم ’ٹھنڈی سڑک‘ 1957 میں ریلیز ہوئی، سید کمال کو پاکستان کے پہلے کامیڈی ہیرو کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔
سید کمال نے مشہور فلموں زمانہ کیا کہے گا، آشیانہ، ایسا بھی ہوتا ہے، ایک دل دو دیوانے، بہن بھائی، ہنی مون سمیت 84 سے زائد فلموں میں کام کیا اور اداکاری کے ساتھ ساتھ 10 فلموں کو بطور فلمساز اور ہدایت کار پیش کیا۔
فلموں سے ریٹائرمنٹ کے بعد انھوں نے ٹی وی کا رخ کیا اور مختلف ڈراموں میں کئی یاد گار کردار ادا کئے۔
سید کمال نے اپنی اداکاری پر لاتعداد ایوارڈز حاصل کئے جن میں بہترین اداکاری کے نگار ایوارڈ کے علاوہ لائف اچیومنٹ ایوارڈ بھی شامل ہے۔
طویل علالت کے بعد سید کمال شاہ 72 برس کی عمر میں یکم اکتوبر 2009 کو کراچی میں انتقال کر گئے اور یوں منفرد اداکاری کا ایک حسین باب اپنے اختتام کو پہنچا۔