(ویب ڈیسک) پاکستان فٹبال فیڈریشن نے سٹیفین کونسٹینٹائن کو قومی فٹبال ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن ( پی ایف ایف) کے مطابق 60 سالہ سٹیفین کونسٹینٹائن کو فی الحال مختصر مدت کے لیے صرف ورلڈکپ کوالیفائرز کے لیےکوچ مقرر کیا گیا ہے، طویل المعیاد معاہدے پر فیصلہ بعد میں ہوگا۔
پی ایف ایف کے ایک سینئر افسر نے تصدیق کی ہے کہ سٹیفین کونسٹینٹائن نے ورلڈکپ کوالیفائرز کی تیاریوں کے لیے پاکستان پہنچ کر کیمپ جوائن کرلیا ہے۔
سٹیفین کونسٹینٹائن ماضی میں نیپال، سوڈان، ملاوی، روانڈا اور بھارت کی نیشنل ٹیموں کے ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں ۔
ان کی کوچنگ میں بھارت کی ٹیم مارچ 2015 سے دسمبر 2018 تک 173 سے 96 ویں پوزیشن پر آگئی تھی۔
پی ایف ایف کے مطابق سٹیفین کونسٹینٹائن کو ان کی ایشین فٹبال سے آشنائی کی بنیاد پر یہ ذمہ داری دی گئی ہے۔
خیال رہےکہ پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان ورلڈکپ کوالیفائرز 12 اور 17 اکتوبر کو ہوں گے۔
دوسری جانب پی ایف ایف نے ایک بیان میں گزشتہ ایک سال سے پاکستان فٹبال ٹیم کی کوچنگ کرنے والے شہزاد انور کی خدمات کو سراہا ہے۔