(ویب ڈیسک) ایشین گیمز کے سکواش ایونٹ میں پاکستان نے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔
پاکستانی ٹیم نے سیمی فائنل میں ہانگ کانگ کو دو ایک سے ہرایا، پاکستان کی جانب سے ناصر اقبال اور نور زمان نے میچز جیتے جبکہ عاصم خان کو اپنے میچ میں ناکامی ہوئی۔
نور زمان نے ہانگ کانگ کے چی ہن ہینری کو پہلے میچ میں تین ایک سے شکست دی، نور زمان کی جیت کا سکور 10-12، 11-7، 6-11 اور 8-11 تھا۔
دوسرے میچ میں عاصم خان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست ہوئی، عاصم خان دو ایک کی برتری کے بعد تین دو سے ناکام ہوئے۔
فیصلہ کن میچ میں ناصر اقبال نے منگ ہونگ ٹینگ کو باآسانی زیر کیا، ناصر کی جیت کا سکور 3 -11، 5-11 اور 5-11 رہا۔
پاکستان کی جانب سے ناصر اقبال ،نور زمان اور عاصم خان نے شاندار کھیل پیش کیا، پاکستان نے اس سے قبل جکارتہ ایشین گیمز 2018 میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ایونٹ میں اس سے قبل کویت، قطر، سنگاپور، نیپال اور بھارت کو شکست دی ہے۔