29 Sep 2023
(ویب ڈیسک) کرکٹ کے سب سے بڑے عالمی میلے آئی سی سی ورلڈ کپ کا باضابطہ آغاز تو 5 اکتوبر سے بھارت میں ہوگا لیکن میگا ایونٹ سے قبل تمام ٹیموں کو اپنی سٹریٹجی کو جانچنے کے لیے آج سے وارم اپ میچز کا آغاز ہو رہا ہے۔
آج تین وارم اپ میچز کھیلے جائیں گے جو تمام مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہوں گے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان وارم اپ میچ حیدرآباد دکن میں کھیلا جارہا ہے تاہم سکیورٹی وجوہات کی بنا پر اس میچ سے شائقین کرکٹ لطف اندوز نہیں ہو سکیں گے۔ یہ میچ خالی سٹیڈیم اور بند دروازوں کے پیچھے کھیلا جائے گا۔
دوسرے میچ میں دو ایشیائی ٹیمیں بنگلہ دیش اور سری لنکا مدمقابل ہوں گی جو گوہاٹی میں منعقد ہوگا جبکہ تیسرا میچ جنوبی افریقہ اور افغانستان کے درمیان ترواننت پورم میں کھیلا جائے گا۔