(ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان کی بالی ووڈ ڈیبیو فلم ‘رئیس’ کے ڈائریکٹر راہول ڈھولکیا نے پاکستانی کرکٹرز کی بھارت آمد کے بعد اب پاکستانی فنکاروں کو بھی بھارت میں کام کرنے کی اجازت کے حوالے سے ایک اہم سوال اٹھا دیا ہے۔
آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں شرکت کیلئے قومی کرکٹ ٹیم بھارت پہنچ گئی ہے جہاں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا ائیرپورٹ پر مداحوں نے شاندار استقبال کیا۔
قومی ٹیم 7 سال بعد بھارت پہنچی ہے، آخری بار پاکستان کرکٹ ٹیم نے 2016 میں ٹی20 ورلڈکپ کیلئے شاہد آفریدی کی قیادت میں بھارت کا دورہ کیا تھا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے بھارت پہنچنے پر جہاں بھارتی کرکٹرز اور مداح نیک خواہشات کا اظہار کررہے ہیں تو وہیں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اور ماہرہ خان کی فلم ‘رئیس’ کے ڈائریکٹر راہول ڈھولکیا نے بھی بھارتیوں سے ایک اہم سوال کرلیا۔
راہول ڈھولکیا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر سوال کیا کہ ‘اب جبکہ پاکستانی کرکٹرز باضابطہ طور پر بھارت آگئے ہیں، تو کیا ہم پاکستانی اداکاروں کو بھی اپنی فلموں میں اداکاری کے لیے مدعو کر سکتے ہیں؟’
فلم ‘رئیس’ کے ڈائریکٹر راہول ڈھولکیا نے پوچھا کہ ‘کیا اداکاروں کے ساتھ ساتھ ہم پاکستانی موسیقاروں کو بھی بالی ووڈ فلموں میں پرفارم کرنے کے لیے مدعو کرسکتے ہیں؟
واضح رہے کہ راہول ڈھولکیا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ‘رئیس’ میں ماہرہ خان نے شاہ رخ خان کی اہلیہ کا کردار ادا کیا تھا جبکہ ہندو انتہا پسندوں نے اپنی غنڈہ گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلم سے ماہرہ خان کے مناظر نکالنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
دوسری جانب پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر لگی پابندی کو کئی سال ہوگئے ہیں تاہم بھارت کا فی الحال پاکستانی فنکاروں پر سے پابندی ہٹانے کا کوئی ارادہ نظر نہیں آرہا۔