(ویب ڈیسک) جب آپ سے کوئی ایسا فرد ٹکرا جائے جو خودکشی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، ایسی صورتحال کو سنجیدگی سے لینا اور مناسب مدد فراہم کرنا بہت ضروری ہے۔ یہاں درج ذیل ایسے اقدامات تحریر کیے جارہے ہیں جو آپ ایسے افراد کی مدد کے لیے اٹھا سکتے ہیں۔
بےتکلف اور ہمدردانہ بات چیت میں مشغول ہوں
خودکشی کے بارے میں سوچ رہے فرد سے ہمدردانہ اور غیر فیصلہ کن رویے کے ساتھ رجوع کریں۔ انہیں بتائیں کہ آپ کو اس کی پرواہ ہے اور آپ ان کے خیالات اور جذبات سننے کے لیے موجود ہیں۔ ان کی حوصلہ افزائی کریں کہ وہ اپنے نظریات کے بارے میں کھُل کر بات کریں اور اس کیلئے آپ کو اچھا سننے والا بننے کی ضرورت ہے۔
براہ راست سوالات پوچھیں
نرمی سے پوچھیں کہ کیا وہ خودکشی کے بارے میں سوچ رہے ہیں یا کوئی منصوبہ ہے۔ یہ ایک عام غلط فہمی ہے کہ خودکشی کے بارے میں پوچھنا خودکشی کے خیالات کی حوصلہ افزائی کرتا ہے جبکہ درحقیقت اس پر کھل کر بحث کرنے سے انسان کو راحت ملتی ہے اور مدد کی امید بندھتی ہے۔
ان کے ساتھ رہیں
اگر وہ فوری طور پر خودکشی یا خود کو نقصان پہنچانے کے خیالات کا اظہار کرتے ہیں تو انہیں تنہا نہ چھوڑیں۔ ان کے ساتھ رہیں یا یقینی بنائیں کہ پیشہ ورانہ مدد آنے تک کوئی نہ کوئی ان کے ساتھ رہے۔
پیشہ ورانہ مدد کی حوصلہ افزائی کریں
خودکشی کے خیالات گہری جذباتی جدوجہد کی علامت ہیں جس میں اکثر پیشہ ورانہ مداخلت کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایسے شخص کی حوصلہ افزائی کریں کہ وہ ذہنی صحت کے پیشہ ور معالج سے مدد حاصل کریں۔ وسائل تلاش کرنے میں ان کی مدد کریں اور اگر وہ چاہیں تو ملاقات کا وقت بھی طے کرلیں۔
خودکشی کے ذرائع تک رسائی ناممکن بنائیں
اگر آپ کو مخصوص ذرائع کے بارے میں معلوم ہے (مثلاً، آتشیں اسلحہ یا زہریلی ادویات وغیرہ) جو خود کو نقصان پہنچانے کے لیے کوئی استعمال کرسکتا ہے، تو اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کریں کہ وہ آسانی سے قابل رسائی نہ ہوں۔ اس میں خاندان کے کسی قابل اعتماد رکن یا دوست کو شامل کرنے سے یہ ہدف زیادہ باآسانی حاصل کیا جاسکتا ہے۔
سپورٹ سسٹم
ایسے شخص کی حوصلہ افزائی کریں کہ وہ جذباتی مدد کے لیے دوستوں اور اہلخانہ سے رابطہ کرے اور اگر ہوسکے تو اس میں پہل کرے۔ رشتوں میں اعتماد کی بحالی ایسے افراد کے نظریات میں تبدیلی لاسکتی ہے۔
صبر کریں
خودکشی کے خیالات کو ختم کرنا ایک طویل اور مشکل عمل ہو سکتا ہے۔ اپنی مدد کی پیشکش جاری رکھیں، چاہے اس شخص کی جانب سے پیشرفت سست ہو یا وہ ابتدائی طور پر مدد کی مخالفت کرے۔
خود کی آگاہی
خودکشی اور اس کی انتباہی علامات اور خطرے کے عوامل کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی حاصل کریں، اسے بہتر طور پر سمجھنے سے آپ زیادہ موثر طریقے سے کسی کو مدد فراہم کرسکتے ہیں۔