(ویب ڈیسک) پاکستانی اکیڈمی سلیکشن کمیٹی نے 2024 کے آسکر کے لئے بہترین غیر ملکی زبان کی فلم کی کیٹیگری میں پاکستانی فلموں کا انتخاب کرنے کے لئے اراکین کا اعلان کردیا ہے۔
چیئرمین مو نقوی (محمد علی نقوی) کی زیرقیادت کمیٹی میں پاکستان کی فلم اور تفریحی صنعت سے تعلق رکھنے والے نامور اراکین شامل ہیں۔
کمیٹی کے ارکان میں ہدایت کار اور سینماٹوگرافر بلال لاشاری، مصنف و ہدایت کار صائم صادق، اداکار فواد خان، مصنفہ فاطمہ بھٹو، سماجی کارکن فریحہ الطاف، فلمساز حیا فاطمہ اقبال، دستاویزی فلم ساز مدیحہ سید، فلمساز مہرین جبار، اداکارہ نادیہ افگن اور احمد علی اکبر سمیت دیگر شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ایوارڈ یافتہ پروڈیوسر، ڈائریکٹر اور ایڈیٹر مہرین جبار بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔
گزشتہ سال آسکر کے لیے بہترین غیر ملکی زبان کی فلم کی کیٹیگری پاکستانی فلم جوائے لینڈ کو نامزد ہوئی تھی، جس نے 2022 کے کانز فلم فیسٹیول میں کانز جیوری ایوارڈ حاصل کیا اور مختلف پلیٹ فارمز پر پذیرائی ملی۔
اگلے مہینے کے دوران کمیٹی فلموں کا جائزہ لے گی جس کے بعد ان کا آسکرز کے لئے انتخاب کیا جائے گا، آسکرز کے لیے ان فلموں کا انتخاب کیا جائے گا جو پاکستانی سنیما کی نمائندگی کرتی ہیں۔
پریس ریلیز میں کہا گیا کہ منتخب فلم کو بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کی کیٹیگری کے لئے اکیڈمی ایوارڈز میں بھیجا جائے گا۔
پاکستانی اکیڈمی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین محمد علی نقوی کا کہنا ہے کہ یہ نئی کمیٹی پاکستان کی فلم انڈسٹری میں پروان چڑھنے والے بے پناہ ٹیلنٹ کو ظاہر کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی فلم سازوں کی جانب سے بنائی گئی متاثر کن کہانیوں پر توجہ دلانے کے لئے ایسی غیرمعمولی ٹیم کے ساتھ کام کرنا اعزاز کی بات ہے۔ محمد علی نقوی نے مزید کہا کہ کمیٹی فی الحال موصول ہونے والی فلموں کا جائزہ لے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اکتوبر کے اوائل تک بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کی کیٹیگری میں 96ویں اکیڈمی ایوارڈز کے لیے پاکستان کی منتخب فلم کا باضابطہ اعلان کرینگے۔