(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پاک بھارت کرکٹرز کی دوستی پر ردعمل دیتے ہوئے بھارتی اوپنر گوتم گھمبیر کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
شاہد آفریدی نے سابق بھارتی کرکٹر کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’’ میدان سے باہر بھی کرکٹرز کی زندگی ہوتی ہے لیکن وہ ساتھ ساتھ قوم کے سفیر بھی ہوتے ہیں، اس لیے انہیں دیگر ٹیموں کے کھلاڑیوں کو احترام دینے کا طریقہ سیکھنا چاہیے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ ’’ میں گوتم سے مختلف سوچتا ہوں، ہم کرکٹرز ہیں اور دنیا بھر میں ہمارے مداح ہیں، اس لیے اپنی دوستی سے مثبت پیغام پہنچانے کی ضرورت ہے، ہاں میدان پر جارحیت ہے لیکن میدان سے باہر بھی زندگی ہے‘‘۔
قبل ازیں ایشیا کپ کے دوران پاکستان اور بھارتی کرکٹرز کے درمیان دوستی دیکھ کر سابق اوپنر گوتم گھمبیر آگ بگولہ ہوگئے تھے، انہوں نے میچ کے دوران بارش کے وقت سٹار سپورٹس پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی ٹیم سٹیڈیم میں 140 کروڑ لوگوں کی نمائندگی کر رہی ہے، اُسے میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں سے دوستی نہیں نبھانی چاہیے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹیمیں 10 سمتبر کو ایک مرتبہ پھر سپر فور مرحلے میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔