(لاہور نیوز) ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار نظر آ رہی ہے۔
ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں پاکستان کے خلاف بنگلہ دیش کی چوتھی وکٹ 47 رنز پر ہی گر گئی۔
سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن یہ آغاز بنگلہ دیش کیلئے اچھا ثابت نہ ہو سکا۔
میچ کے دوسرے اوور میں بنگلہ دیشی اوپنرز مہدی حسن میراز بغیر کوئی رنز کیے نسیم شاہ کی گیند پر فخر زمان کو کیچ دے بیٹھے۔
بنگلہ دیش کو دوسرا نقصان پانچویں اوور کی چوتھی گیند پر لٹن داس کی صورت اٹھانا پڑا جب بنگلہ دیشی بیٹر لٹن داس 16 رنز بنا کر شاہین کا شکار ہوئے۔
حارث رؤف نے بھی آتے ہی دھاک بٹھا دی اور اپنے پہلے ہی اوور میں نعیم کو پویلین واپس بھیج دیا جبکہ اپنے دوسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر بنگلہ دیشی بلے باز توحید کو بھی چلتے کیا۔
قبل ازیں لاہور میں قذافی سٹیڈیم میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ اگر ہم زیادہ رنز بناتے ہیں تو اس سے مخالف ٹیم پر دباؤ پڑے گا۔
اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہم بھی پہلے بیٹنگ ہی کرتے، گزشتہ رات ہم نے دیکھا کہ حالات نے فاسٹ باؤلرز کی مدد کی، میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔
شکیب الحسن نے کہا کہ ہم نے افغانستان کے خلاف جو کچھ کیا اسے دہرانا چاہتے ہیں لیکن ہمیں دنیا کی نمبر ون ٹیم کا سامنا ہے اس لیے ہمیں اپنا بہترین کھیل کھیلنے کی ضرورت ہے۔
قومی سکواڈ
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کی ہے، آل راؤنڈر محمد نواز کو سکواڈ سے نکال کر فاسٹ باؤلر و آل راؤنڈر فہیم اشرف کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ قومی ٹیم نے اب تک دو میچ کھیلے جن میں سے پہلے میں نیپال کو شکست دی جبکہ دوسرا میچ بھارت کے خلاف تھا جو بارش کی وجہ سے بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔