(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بیٹر افتخار احمد نے سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیو شیئر کی ہے جس سے گمان ہوتا ہے کہ وہ اینکر بننے کی پریکٹس کر رہے ہیں۔
افتخار احمد جو سوشل میڈیا پر بھی سرگرم رہتے ہیں،انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ایک دلچسپ ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں وہ کسی ہوٹل کی لابی میں گرم کافی مگ کے ہمراہ ساتھی کھلاڑی نسیم شاہ کے ساتھ گپ شپ لگاتے دکھائی دے رہے ہیں تاہم تجسس برقرار رکھنے کے لیے بیک گراؤنڈ میں میوزک دیا گیا ہے جس کی وجہ سے دونوں کے درمیان ہونے والی گفتگو سنائی نہیں دے رہی۔
یہ ویڈیو یہ بھی پرتجسس بن گئی ہے کہ افتخار احمد نے اسے ایک دلچسپ کیپشن کے ساتھ شیئر کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’کافی ودھ افتی منیا، عنقریب آ رہا ہے، پہلے مہمان نسیم شاہ‘‘۔
ویڈیو کے ساتھ یہ کیپشن دیکھ کر صارفین بالخصوص کرکٹ لورز مخمصے کا شکار ہیں کہ کیا افتخار احمد ایشیا کپ کے دوران ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ مختصر دورانیے کا شو کر رہے ہیں جہاں وہ اپنے مہمانوں سے ان کی ذاتی زندگی اور کرکٹ کے بارے میں دلچسپ سوالا ت پوچھیں گے اور ساتھ ساتھ کافی سے بھی لطف اندوز ہوں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پڑوسی ملک بھارت میں معروف بالی ووڈ فلم ساز کرن جوہر نے ’’کافی ودھ کرن‘‘ کے نام سے شو کیا تھا جس میں وہ مہمانوں سے ان کی پروفیشنل اور نجی زندگی سے متعلق سوالات کرتے تھے تاہم افتخار احمد کا یہ پروگرام اس سے کتنا مختلف ہوگا اس کا سب کو انتظار ہوگا۔