(لاہور نیوز) ٹریفک پولیس خواتین کو مزید خودمختار بنانے میں پیش پیش ہے۔ ڈرائیونگ سکولز میں خواتین کو موٹرسائیکل چلانے کی تربیت دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
اچھرہ ، مناواں اور لبرٹی میں خواتین کیلئے ٹریفک پولیس کے ڈرائیونگ سکول موجود ہیں۔ ایل او ایس اچھرہ میں خواتین کو موٹر سائیکل چلانے کی تربیت دی جا رہی ہے۔
ٹریننگ لینے والی خواتین کا کہنا ہے کہ پہلے کہیں جانے کیلئے گھر میں کسی کو کہنا پڑتا تھا۔ اس ٹریننگ کے بعد بھائیوں کو یہ زحمت نہیں اٹھانا پڑے گی۔ گاڑی کی نسبت موٹرسائیکل سستی سواری ہے۔
انسٹرکٹر حمیرا نے کہا کہ اس ٹریننگ کا مقصد خواتین کو خودمختار بنانا ہے۔ خواتین جو پہلے ٹرانسپورٹ کے لئے سہارا ڈھونتی تھیں اس ٹریننگ کے بعد اپنا سہارا خود بنیں گی۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے نہ صرف خواتین بلکہ خواجہ سراؤں اور شہداء کے بچوں کو بھی مفت ٹریننگ دی جا رہی ہے۔