25 Aug 2023
(لاہور نیوز) اورنج ٹرین سے ملحقہ ٹریک کی حالت زار ہو گئی۔ علی ٹاؤن سٹیشن کے باہر سیوریج کا نظام انتہائی خراب ہے۔
حکومتی اداروں کی مبینہ غفلت اور کوتاہی سامنے آ گئی۔ میٹرو اورنج لائن ٹرین کے سٹیشنز کے باہر گندے پانی کا بسیرا ہے۔ سڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔
ٹھوکر نیاز بیگ رائیونڈ روڈ پر اورنج ٹرین کے پہلے سٹیشن علی ٹاؤن کے سامنے سڑک کی حالت ابتر ہو گئی۔ ابلتے گٹروں کے پانی نے مرکزی شاہراہوں پر قبضہ کر لیا۔ علی ٹاؤن سٹیشن کے سامنے سڑک پر گہرے گڑھے پڑ گئے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ گندے پانی کی وجہ سے کاروبار تباہ ہو چکے ہیں۔ ٹریفک روانی بھی شدید متاثر ہے۔ بروقت مرمت کا کام نہ ہونے سے پونے تین لاکھ گاڑیوں میں سوار مسافروں کی زندگیاں داؤ پر لگی ہیں۔