(ویب ڈیسک) پاکستان کا دورہ کرنے والے سعودی عرب کے وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے کہا ہے کہ پاکستان ایشیا پیسفک ریجن میں سعودی عرب کی سب سے بڑی سورس مارکیٹ ہے۔
تفصیلات کےمطابق ایک تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے سعودی عرب کے وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے کہا کہ پاکستان ایشیا پیسفک ریجن میں سعودی عرب کی سب سے بڑی سورس مارکیٹ ہے، ڈیجیٹل پلیٹ فارم نسوک پاکستانی زائرین اور عازمین کو سفری سہولتیں مہیا کر کے مقامات مقدسہ کے سفر کو آسان بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
سعودی ٹورازم اتھارٹی،اے پی اے سی مارکیٹس کے صدرالحسن الدبغ اور فہد حامد الدین سمیت وزارت سیاحت کی دیگر اہم شخصیات بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مشترکہ اسلامی اقدار کے دیرینہ اور مضبوط رشتے سے منسلک ہیں، سعودی عرب نے مکہ و مدینہ کے ساتھ دیگر تاریخی اہم شہروں تک بھی رسائی کو آسان بنانے کا فیصلہ کیا ہے، سعودی عرب کی نئی سیاحتی پالیسی کے تحت دنیا بھر کے سیاح اب روایتی عرب ثقافت، سعودی عرب کے دلفریب اور منفرد قدرتی مناظر کے ساتھ گرمجوش میزبانی سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔