(ویب ڈیسک) پاکستانی حدود میں داخل ہونے والے 6 بھارتی باشندوں کو رینجرز نے حراست میں لے لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سرحد پر تعینات پنجاب رینجرز نے 6 بھارتیوں کو پکڑ لیا ہے جو منشیات اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ میں ملوث ہیں۔ بھارتی سمگلرز کو 29 جولائی سے 3 اگست کے دوران پاکستان کی حدود سے پکڑا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملزمان میں فیروزپور کے رہائشی گرمیج سنگھ، شندر سنگھ، جگندر سنگھ ، وشال سنگھ، جالندھر کا رہائشی مہندر سنگھ اور لدھیانہ سے تعلق رکھنے والا گروندر سنگھ شامل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پکڑے جانے والے بھارتی منشیات اور ہتھیاروں کی سمگلنگ میں ملوث ہیں اور بھارتی سکیورٹی فورسز (بی ایس ایف) کا سمگلروں کے ساتھ ممکنہ گٹھ جوڑ بعید از قیاس نہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی سمگلروں کی بی ایس ایف کے زیر نگرانی بارڈر سے بلا روک ٹوک نقل و حرکت حیران کن ہے، بھارتی سمگلروں کے خلاف ریاست مخالف سرگرمیوں پر پاکستانی قوانین کے مطابق کارروائی ہوگی۔