(ویب ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ اٹک جیل میں ناروا سلوک بارے ایڈیشنل اینڈ سیشن جج اٹک شفقت اللہ نے رپورٹ پیش کر دی۔
ایڈیشنل اینڈ سیشن جج اٹک شفقت اللہ خان نے 15 اگست کو اٹک جیل کا دورہ کیا، انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے سیل کے عین باہر سی سی ٹی وی کیمرہ نصب ہے، چیئرمین عمران خان کے ٹوائلٹ کی ایل شکل کی دیوار محض اڑھائی سے تین فٹ اونچی ہے۔
ایڈیشنل اینڈ سیشن جج کی رپورٹ کے مطابق 5 سے 6 فٹ کی بلندی پر لگے سی سی ٹی وی کیمرہ کی وجہ سے ٹوائلٹ کے استعمال کی پرائیویسی میسر نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کو دوران غسل بھی کوئی پرائیویسی میسر نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کی شکایات مکمل طور پر درست ہیں۔
شفقت اللہ خان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو اس حالت میں رکھنا پاکستان پریژن رولز 257 اور 771 کی صریح خلاف ورزی ہے، وکلا اور اہلیہ کی چیئرمین پی ٹی آئی تک رسائی میں بھی مشکلات ہیں۔
ایڈیشنل اینڈ سیشن جج نے کہا کہ جیل حکام کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کو درپیش شکایات کے ازالے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔