(لاہور نیوز) بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کو ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا ۔ پولٹری مصنوعات بدستور پہنچ سے دور ہیں ۔ سبزیاں اور پھل بھی قوت خرید میں نہ رہے۔
مہنگائی عوام کا مقدر بن گئی۔ پولٹری مصنوعات کی خریداری آسان نہ رہی۔ برائلر گوشت 3 روپے سستا ہونے کے بعد بھی 582 روپے فی کلو ہے۔ فارمی انڈے 294 روپے فی درجن فروخت کیے جا رہے ہیں۔
سبزیوں کی خریداری بھی جیب پر بھاری پڑ رہی ہے۔ سرکاری ریٹ لسٹ میں 3 سبزیاں مزید مہنگی کر دی گئیں۔ پیاز 7 روپے مہنگا ، سرکاری قیمت 80 روپے فی کلو مقرر، اوپن مارکیٹ میں پیاز 110 روپے فی کلو مل رہا۔ ٹینڈے 10 روپے اضافے کے بعد 160 روپے فی کلو ہو گئے۔ مارکیٹ میں ٹینڈے 210 روپے فی کلو بیچے جا رہے ہیں۔ آلو 2 روپے مہنگے ہو کر 75 روپے فی کلو ہو گئے۔ مارکیٹ میں آلو 100 روپے فی کلو دستیاب ہیں۔
سرکاری نرخ نامہ میں 2 پھلوں کے دام بڑھا دئیے گئے۔ اوپن مارکیٹ میں آلو بخارا 440 اور خوبانی 460 روپے فی کلو مل رہی ہے۔
خریدار کہتے ہیں قیمتوں میں اضافہ اور معیار میں کمی کر دی گئی ہے۔ مہنگائی نے جینا مشکل تر کر دیا ہے۔ سبزیوں اور پھلوں کی سرکاری ریٹ لسٹ کے برعکس فروخت بھی معمول بن چکا ہے ۔ دکاندار من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔