(لاہور نیوز) ایک طرف مذاکرات میں ڈیڈ لاک دوسری جانب نان بائیوں کی من مانی جاری ہیں۔ روٹی اور نان کی قیمت پہنچ سے باہر ہو گئی۔
شہر میں ڈنکے کی چوٹ پر روٹی 20 روپے اور نان 30 روپے میں بیچا جا رہا ہے۔ لاہور میں 70 فیصد سے زائد تنوروں پر نان روٹی مہنگی دی جا رہی ہے۔ سرکاری ریٹ لسٹ میں نان 25 اور روٹی 15 روپے ہے۔ نان اور روٹی کی قیمت میں 5 روپے کا ازخود اضافہ کیا گیا۔ نان 30 اور روٹی 20 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔ 10 ہزار تنوروں پر از خود متفرق نئی قیمتوں پر نان روٹی بیچی جانے لگی۔
ٹمپل روڈ، عابد مارکیٹ، مزنگ، ریگل چوک میں نان روٹی مہنگی بک رہی ہے۔ انارکلی ، لکشمی، بیڈن روڈ اور اندرون شہر میں بھی روٹی 20 اور نان 30 کا بیچا جا رہا ہے۔ دکانداروں کے مطابق فائن آٹے کا تھیلا 3900 روپے سے بڑھا کر 9500 روپے کر دیا گیا ہے، نان روٹی سستی کیسے دیں؟
مہنگائی کے ستائے شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی سے ہمارا خون چوسا جا رہا ہے۔ ریاست تو جیسے سوئی ہوئی ہے، 2 وقت کی روٹی کی بات پرانی ہو گئی اب ایک وقت کی پوری نہیں ہوتی۔
صدر ایسوسی ایشن آفتاب اسلم گل کا کہنا ہے کہ ہمیں قیمتیں کم رکھنے کی وارننگ دی جاتی ہے، مہنگا آٹا لے کر سستی روٹی اور نان کیسے دیں۔