(لاہور نیوز) سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی پارٹی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطا اللہ تارڑ کی رہائش گاہ آمد ہوئی۔
سابق وزیراعظم شہباز شریف نے عطا اللہ تارڑ کے والدین اور اہل خانہ سے ملاقات کی، سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سابق صدر رفیق تارڑ کی پاکستان اور قوم کے لئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
شہباز شریف نے عطا اللہ تارڑ کی پارٹی اور وزارت عظمیٰ کے 16 ماہ میں ملک کے لئے بھرپور خدمات کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر شہباز شریف نے سابق صدر رفیق تارڑ کی یادگار تاریخی تصاویر بھی دیکھیں، عطا اللہ تارڑ نے سابق صدر پاکستان محمد رفیق تارڑ اور سابق وزیراعظم شہباز شریف کی 1997 کی ایک یادگار تاریخی تصویر بھی شہباز شریف کو دکھائی۔
اس تصویر میں شہباز شریف یو اے ای کے مرحوم صدر شیخ زاید بن سلطان النہیان کے ہمراہ ان کے صدر اور موجودہ صدر شیخ محمد بن زاید النہیان بھی موجود ہیں۔
عطا اللہ تارڑ اور ان کے اہل خانہ نے آمد پر شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا، عطا اللہ تارڑ نے اعتماد کرنے پر شہباز شریف کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا۔