(لاہور نیوز) نگران وفاقی وزیر انسانی حقوق خلیل جارج کا کہنا ہے کہ سانحہ نو مئی ہو یا سانحہ جڑانوالہ اس کے مجرموں کو سزا ملنی چاہیے۔
نگران وفاقی وزیر انسانی حقوق خلیل جارج اور ایکس سروس مین ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم نے جناح ہاؤس کا دورہ کیا۔ خلیل جارج کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ جناح ہاؤس پہنچا تو عظیم ہستی کا جلا گھر دیکھ کر سر شرم سے جھک گیا۔ قائد اعظم ہم شرمندہ ہیں ، آپ کا گھر جلانے والے زندہ ہیں، انہیں ڈوب مرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کمشنر کو ہدایت کر دی ہے کہ جڑانوالہ میں تمام کرسچن ہفتے بعد اپنے چرچز میں تعمیر مکمل ہونے کے بعد عبادت کریں گے۔ جڑانوالہ میں چرچز کو جلایا جائے یا جناح ہاؤس کو، اگر ذمہ داروں کو سزا نہ دی گئی تو نوجوانوں کی مزید ذہن سازی ہو گی جو ملک کے لئے اچھا نہ ہو گا۔
ایکس سروس مین ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم کا کہنا تھا کہ نو مئی کو جو تباہی کی گئی، سمجھ سے بالاتر ہے۔ سیاستدانوں کو دھرنا دینے کا حق لیکن ملکی معاملات میں رکاوٹ نہیں بن سکتے۔ جناح ہاؤس پر حملے سے گہرا زخم آیا جسے بھرنے میں وقت لگے گا۔
دونوں وفود نے سانحہ 9 مئی اور جڑانوالہ واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔