جڑانوالہ جیسے واقعات کا سبب دینی تعلیمات سے دوری اور کم علمی ہے، وزیر مذہبی امور
(لاہور نیوز) نگران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ اسلام میں سانحہ جڑانوالہ جیسے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں، دینی تعلیمات سے دوری اور کم علمی ایسے واقعات کا بنیادی سبب ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ اسلام امن کا مذہب ہے، معاشرے میں جہالت، مذہبی منافرت اور شدت پسندی کے خاتمے کیلئے تمام طبقات کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جڑانوالہ واقعہ سے پاکستان کی بدنامی ہوئی، پاکستان میں بسنے والی اقلیتیں ریاست کی ذمہ داری ہیں، عوام اپنی صفوں میں انتشار پھیلانے والے عناصر کو بے نقاب کریں، جڑانوالہ سانحہ پاکستان میں موجود مذہبی ہم آہنگی کی فضا کو متاثر نہیں کرے گا۔
نگران وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ریاست پاکستان معاشرے کے امن کو متاثر کرنے والے عناصر سے سختی سے نمٹے گی، تمام مذاہب کے زعماء بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے مل کر کام کریں، وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے دروازے تمام مذاہب کے ماننے والوں کیلئے کھلے ہوئے ہیں۔