(لاہور نیوز) شہرِلاہور کے میگا پراجیکٹ بابو صابو میں بڑی رکاوٹ آ گئی۔
وفاقی حکومت کی ایکنک کمیٹی سے منظوری نہ ہونے سے منصوبے میں تاخیر ہونے لگی۔ پنجاب حکومت نے بابو صابو منصوبے کے لیے 8 ارب 90 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دی۔ پنجاب حکومت نے بابو صابو، گلشن راوی اور بند روڈ پراجیکٹ مزید منظوری کے لئے ایکنک کو ارسال کر دیا۔ ایکنک کی منظوری کے بغیر منصوبے پر تعمیراتی کام شروع نہیں کیا جائے گا۔
پنجاب حکومت نے ایک ماہ قبل شہر میں میگا پراجیکٹ کی منظوری دی۔ بابو صابو انٹر چینج سے رِنگ روڈ تک بند روڈ کی بحالی کا منصوبہ منظور کیا گیا۔ بند روڈ پر گلشن راوی ٹی جنکشن کے مقام پر انڈر پاس بنانے کی بھی منظوری دی گئی۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے منصوبے کی ایڈمنسٹریٹر اپروول جاری کی۔
انڈر پاس منصوبے کے لیے کُل چار ارب 84 کروڑ 29 لاکھ 90 ہزار روپے کا تخمینہ لگایا گیا۔ بند روڈ کی بحالی اور انڈر پاس پر سول کنسٹرکشن کی لاگت پر 3 ارب 87 کروڑ روپے خرچ ہونا تھے۔ پنجاب کابینہ نے تاحال دونوں منصوبوں کو بجٹ میں شامل ہی نہیں کیا۔
بند روڈ منصوبے کے لیے 10 کنال 5 مرلے اراضی ایکوائر کی جانی تھی لیکن تاحال کیس محکمہ مال کو ہی نہ بھیجا گیا۔ دو کلومیٹر طویل کوریڈور پر 6 لین پر مشتمل سڑک تعمیر کی جانی تھی۔ منصوبے کی تعمیر سے روزانہ ایک لاکھ 38 ہزار 960 گاڑیوں کو فائدہ ملنا تھا۔