(ویب ڈیسک)ماہرین کی جانب سے کشمش کے طبی فوائد سے متعلق تفصیلی تحقیق جاری کردی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق کِشمِش دنیا بھر میں استعمال کی جانے والی ایک مرغوب غذا ہے جسے انگور خشک کرکے تیار کیا جاتا ہے،بالخصوص میٹھی ڈشوں میں کِشمِش رغبت سے استعمال کی جاتی ہے لیکن اب اس میں کئی اہم غذائیت بھرے اجزا بھی دریافت ہوئے ہیں۔ توانائی میں کمی ہو تو مٹھی بھر کِشمِش فوری طور پر طاقت بڑھاتی ہے۔
واضح رہے کہ انگوروں سے پانی کم کرکے یا انہیں دھوپ میں سکھا کر کِشمِش بنائی جاتی ہے،یہی وجہ ہے کہ ذیابیطس کے مریضوں کو اپنے معالج کے مشورے سے کِشمِش کھانی چاہیے۔قدرتی شکریات کے علاوہ، کِشمِش میں غذائی فائبر، وٹامن، معدنیات بھرپور مقدار میں پائی جاتی ہیں۔ ایک چوتھائی کپ میں 130 کیلوریز، ڈیڑھ گرام فائبر، پوٹاشیئم، فولاد، وٹامن بی، فرکٹوز اور گلوکوز کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کِشمِش کھانے سے معدے اورآنتوں کی صحت بہتر رہتی ہے۔ آنتوں کی اندرونی حرکت (بوویل موومنٹ) بڑھتی ہے اور قبض ختم ہوتی ہے اس میں موجود قدرتی ریشے سے نظامِ ہاضمہ کو بہت تقویت ملتی ہے،ہم جانتے ہیں کہ پوٹاشیئم بلڈ پریشر کو بھی معمول پر رکھتا ہے۔