(لاہور نیوز) مہنگائی کو بریک نہ لگ سکی ۔ پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گیا۔
مہنگائی نے جینا محال کر دیا۔ برائلر گوشت مزید 6 روپے مہنگا ، فی کلو قیمت 606 روپے تک پہنچ گئی۔ گرم موسم کے باوجود فارمی انڈے پہنچ سے باہر ہیں۔ انڈے مزید دو روپے مہنگے ، 292 روپے فی درجن ہو گئے۔
سبزیوں اور پھلوں کی خریداری بھی مشکل ہو گئی۔ سرکاری ریٹ لسٹ میں 5 سبزیوں کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گیا۔ اوپن مارکیٹ میں پیاز 90 ، لیموں اور کھیرا 150 روپے فی کلو ہے۔ آلو 100 اور شملہ مرچ 220 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔
پھلوں میں کیلے درجہ اول 220 اور درجہ دوم 160 روپے فی درجن ہیں۔ آلو بخارا 480 ، خوبانی سفید 460 ، سیب 250 روپے فی کلو مل رہے ہیں۔ کھجور ایرانی 650 ، انگور 450 ، پپیتا 350 روپے فی کلو دستیاب ہے۔ آڑو 350 ، آم 280 اور ناشپاتی 220 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔
خریدار کہتے ہیں ہر چیز قوت خرید سے باہر ہو چکی ہے۔ مارکیٹ میں سبزیاں اور پھل سرکاری نرخوں کے برعکس فروخت کئے جا رہے ہیں ۔ انتظامیہ گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کرنے سے گریزاں ہے۔