آئینی مدت میں انتخابات کے انعقاد کا معاملہ، شاہ محمود کا نگران وزیراعظم کو خط
(لاہور نیوز) 90 روز کی آئینی مدت میں انتخابات کے انعقاد کے معاملے پر پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو خط لکھ دیا۔
شاہ محمود قریشی کی جانب سے نگران وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی گئی، وائس چیئرمین تحریک انصاف نے کور کمیٹی کی ایما پر نگران وزیر اعظم کو خط تحریر کیا۔
نگران وزیراعظم کے نام لکھے خط میں وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نگران وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر آپ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، دستور اسمبلی کی قبل از وقت تحلیل کی صورت میں 90 روز میں انتخابات کے انعقاد کا حکم دیتا ہے، ہمارا پُرزور مطالبہ ہے کہ آپ انتخابات کے بروقت انعقاد کو یقینی بنائیں۔
وائس چیئرمین پی ٹی آئی نے لکھا کہ مشترکہ مفادات کونسل کی جانب سے مردم شماری کے نتائج کی تاخیر سے منظوری کے بعد نئی حلقہ بندیوں کے معاملے کو انتخابات میں التوا کا بہانہ ہر گز نہیں بنایا جا سکتا، ہم مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انتخابات کی ساکھ کیلئے لازم ہے کہ فریقین کو انتخابی مقابلے کیلئے مساوی میدان فراہم کیا جائے ۔