(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے درخواست گزاروں سے بجلی بلوں میں اضافی چارجز وصول کرنے سے روک دیا اور نیپرا کو فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں بجلی کے بلوں میں اضافی چارجز وصول کرنے کے خلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
محمد حسین و دیگر کی درخواستوں پر سماعت جسٹس سلطان تنویر احمد نے کی، درخواست گزاروں کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ نے بجلی کے بلوں میں اضافی چارجز وصولی کالعدم قرار دی ہے، لیکن عدالتی فیصلے کے باوجود دوبارہ بجلی بلوں میں اضافی چارجز بھیج دیئے گئے ہیں۔
درخواست گزاروں نے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ بلوں کی عدم ادائیگی پر بجلی میٹرز کاٹے جانے کا خدشہ ہے، عدالت بجلی کے بلوں میں اضافی چارجز کی وصولی روکنے کا حکم دے۔
عدالت نے بجلی کے بلوں میں اضافی چارجز وصول کرنے سے روک دیا اور درخواستیں نیپرا کو بھجواتے ہوئے قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دیا، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ نیپرا عدالت عالیہ کے فیصلے کی روشنی میں بجلی بلوں کے ایشوز پر فیصلہ کرے۔
عدالت نے نیپرا کو عدالت عالیہ کے فیصلے کی روشنی میں بجلی بلوں کے ایشوز پر فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے دائر درخواستیں نمٹا دیں۔