(لاہور نیوز) مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے زیر اہتمام مسجد القدس میں استحکام پاکستان سیمینار منعقد ہوا۔
سیمینار کی صدرات مولانا عبدالوہاب روپڑی نے کی۔ سیمینار میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء سید کاظم رضا ، عاصم مخدوم ، قاسم علی قاسم ، مفتی عاشق حسین ، عبدالوحید روپڑی اور محمود غزنوی سمیت دیگر نے شرکت کی۔ مولانا عبدالوہاب روپڑی کا کہنا تھا کہ وطنِ عزیز ہمارے لئے بڑی نعمت ہے۔ جو قومیں نعمتوں کی قدر نہیں کرتی ان سے نعمتیں چھن جاتی ہیں۔ ملک کا قیام اور اس کی بنیاد کلمہ طیبہ پر ہے۔ جب تک اس نعرے کو بلند رکھیں گے۔ دنیا میں وقار قائم رہے گا۔
سیمینار میں شریک عاصم مخدوم سمیت دیگر علماء کا کہنا تھا کہ آزادی کے لئے مذہبی طبقے نے قربانیاں دیں۔ سیاسی لوگ جو اس وقت اقتدار میں ہیں وہ پہلے بھی انگریزوں کے زیرِ اثر تھے اور آج بھی انہی کے وفادار ہیں۔
علماء کرام کا کہنا تھا کہ ہمارے اکابرین نے جس مقصد کے لئے پاکستان بنایا اس پر عمل نہیں ہوا۔ سیمینار میں شریک علماء اور دیگر افراد نے عہد کیا کہ وطن کی حفاظت کے لئے اکابرین کے نقش قدم پر چلیں گے۔