کووڈ 19 کی نئی قسم میں کتنے فیصد کیسز میں اضافہ ہوا ہے؟عالمی ادارہ صحت نے خبردار کردیا
(ویب ڈیسک)عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)نے کہا ہے کہ کووڈ 19 کی نئی قسم کے کیسز میں 80 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ڈبلیو ایچ او نے مئی میں کووڈ کو عالمی سطح پر ایمرجنسی کی فہرست سے نکالا ہے لیکن اس متعلق خبرداربھی کیا ہے کہ یہ وائرس موجودرہے گا اور شکلیں بدل کر سامنے آتا رہے گا جس کے نتیجے میں وقتاً فوقتاً انفیکشن کی تعداد،ہسپتال کے داخلوں اور اموات میں اضافہ ہوگا۔
اقوامِ متحدہ کی ذیلی ایجنسی نے اپنی ہفتہ وار اپ ڈیٹ میں کہا کہ دنیا بھر میں 10 جولائی سے 6 اگست کے درمیان 15 لاکھ کے قریب نئے کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں ، یہ تعداد گزشتہ سے پیوستہ 28 ایام کے مقابلے میں 80 فی صد زیادہ ہے۔ البتہ اموات کی شرح 57 فیصد گرنے کے بعد 2500 تک آگئی ہے۔
ڈبلیو ایچ او نے خبردار کیا کہ کیسز اور اموات کی رپورٹ کی گئی تعداد حقیقی اعداد و شمار کی عکاسی نہیں کرتی کیوں کہ کووڈ کے ابتدائی دور کے برعکس اب ٹیسٹنگ اور نگرانی کم کی جارہی ہے۔ادارے کے مطابق نئے کیسز کی زیادہ تر تعداد مغربی پیسیفک سے سامنے آرہی ہے، جہاں انفیکشن کی شرح میں 137 فی صد اضافہ دیکھا گیا ہے۔