(لاہور نیوز) مہنگائی رکنے کا نام ہی نہیں لے رہی ۔ سبزیاں، پھل، برائلر اور انڈوں سمیت اشیائے خورونوش کے دام مسلسل بے لگام ہیں۔
مہنگائی نے لوگوں کیلئے گزارہ مشکل کر دیا۔ اشیائے خورونوش کے دام دن بدن بڑھنے لگے۔ مارکیٹ کمیٹی نے 9 سبزیوں کی قیمتیں بڑھا دیں۔
لہسن 15 روپے، کریلے، میتھی، ادرک ، گاجر چائنہ اور سبز مرچ 10 روپے، بیگن اور لیموں 5 روپے جبکہ پالک 4 روپے مہنگی ہو گئی۔ مارکیٹ میں سبز مرچ 140 روپے، لیموں 170 ، لہسن 560 اور ادرک 1100 فی کلو تک دستیاب ہے۔ دیگر سبزیوں میں میتھی 450 روپے، بینگن 180 ، کریلے 160 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہے ہیں۔
پھل بھی شہریوں کی پہنچ سے دور ہیں۔ سرکاری ریٹ لسٹ میں 2 پھلوں کی قیمتیں بڑھا دی گئیں۔ ناشپاتی مارکیٹ میں 220 روپے، آم 280 روپے فی کلو تک جا پہنچے۔
شہریوں کی ہمت اور برداشت جواب دے گئی۔ شہری کہتے ہیں ہم کمائی اپنے بچوں کیلئے نہیں ان حکمرانوں کیلئے کرتے ہیں۔ بجلی کے بل اتاریں یا سبزیاں ،پھل خریدیں کچھ سمجھ نہیں آرہا۔
برائلر 9 روپے سستا ہو کر بھی مہنگا ہے۔ قیمت 576 روپے کلو مقرر جبکہ انڈے 287 روپے فی درجن مقرر لیکن فروخت 300 روپے تک ہو رہے ہیں۔