02 Aug 2023
(لاہور نیوز) لیگی رہنما طلال چودھری نے کہا ہے کہ آج میری پانچ سال کی نااہلی کی مدت ختم ہو گئی، میرے ساتھ جو رویہ رکھا گیا وہ کبھی بھول نہیں سکتا۔
ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ توہین عدالت کی میری سزا کے پانچ سال مکمل ہو گئے، میں نے توہین عدالت کا کبھی سوچا بھی نہیں، مجھے صرف سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، ججز نے مجھے میاں نواز شریف سے وفاداری کا سرٹیفکیٹ جاری کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے صرف میاں نواز شریف کا ساتھ دینے کی سزا دی گئی، اس دور میں ن لیگ کے رہنماؤں کو چن چن کر نااہل کیا گیا، مجھ سے نواز شریف اور مریم نواز کیخلاف بیان لینے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج سے میں دوبارہ ملکی سیاست میں آسکتا ہوں، سیاسی کارکن ہوں ہراول دستے کا کردار ادا کروں گا۔