(لاہور نیوز) نگران وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر سرکاری ہسپتالوں کی بہتری کا پلان تیار کر لیا گیا۔
چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت علی جان نے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا 28 بڑے ہسپتالوں کی تعمیر و مرمت، طبی آلات کی فراہمی کیلئے 15 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے۔ تمام ضلعی اور تحصیل ہسپتالوں میں ترقیاتی کام دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ لاہور کے سرکاری ہسپتالوں کی پارکنگ کا انتظام پارکنگ کمپنی کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ سہولیات کا معیار ایسا ہو کہ مریض سرکاری ہسپتال سے علاج کروانے کو ترجیح دیں۔ ڈپٹی کمشنرز اضلاع میں صحت اور تعلیم کی سہولیات بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دیں۔ ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت اہل مریضوں کو سرکاری ہسپتالوں میں معیاری طبی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔