(لاہور نیوز) شہر میں پیدل سڑک کراس کرنے والوں کے لیے پیڈیسٹرین بریجز کی کمی پڑ گئی، گزشتہ پانچ برس میں تین حکومتوں نے شہر میں صرف ایک پیڈیسٹرین پل تعمیر کیا، پنجاب حکومت نے ٹیپا کو پانچ نئے پل بنانے کی ذمہ داری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے گزشتہ 48 برس میں صرف 44 پیڈیسٹرین بریجز بنائے، پیدل چلنے والوں کی سہولت کے لیے شہر کا سروے مکمل کر لیا گیا، اتھارٹی نے شہر میں مزید پانچ پیڈیسٹرین پل بنانے کا فیصلہ کر لیا۔
پنجاب حکومت نے پیڈیسٹرین بریجز کے ڈیزائن اور تخمینہ لاگت کی منظوری دے دی، نئے بننے والے پیڈیسٹرین بریجز کے ڈیزائن اورتخمینے کی کاپی لاہور نیوز نے حاصل کر لی، پنجاب حکومت نے پیڈیسٹرین بریجز کی تعمیر کی ذمہ داری ٹیپا کو تفویض کر دی۔
لبرٹی چوک ،وحدت روڈ نزد ڈیسنٹ سٹور اور اللہ ہو چوک خیابان فردوسی پر پیڈیسٹرین برج تعمیر کیا جائے گا، سگیاں روڈ پر بھی دو پیڈیسٹرین بریجز کی تعمیر کا پلان بنایا گیا ہے۔
ایل ڈی اے کی جانب سے پانچ پیڈیسٹرین پل تعمیر کرنے کے لیے 59 کروڑ 79 لاکھ 13 ہزار 513 روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، لبرٹی چوک میں طویل اور مہنگا ترین پیڈیسٹرین پل تعمیر کیا جائے گا، لبرٹی پر 85 میٹر طویل پیڈیسٹرین بریج 20 کروڑ 72 لاکھ روپے کی لاگت سے بنایا جائے گا۔
وحدت روڈ پر 7 کروڑ 63 لاکھ اور اللہ ہو چوک پر سات کروڑ 50 لاکھ روپے سے پیڈیسٹرین پل کی تعمیر کی جائے گی، سگیاں روڈ پھول منڈی چوک پر بھی دو پیڈیسٹرین بریجز 13 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونگے، ٹیپا کی جانب سے پیڈیسٹرین بریجز پر تعمیراتی کام آئندہ ماہ شروع کیا جائے گا۔