(لاہور نیوز) واسا نے مین ہولز پر پلاسٹک کے ری سائیکل ڈھکن لگانے کا حتمی فیصلہ کرلیا، واسا نے پلاسٹک کور خریدنے کے لیے 3 کروڑ 8 لاکھ 30 ہزار روپے کا تخمینہ لگایا ہے، واسا دس ہزار مین ہولز کے کور تبدیل کرے گا۔
مین ہول کے کورز کو چوری اور ٹوٹنے سے بچانے کے منصوبے کے تحت واسا کی جانب سے ابتدائی طور پر شہر میں 10ہزار مین ہول کورز تبدیل کئے جائیں گے، پلاسٹک ری کمپوزٹ کورز خریدنے کیلئے 3کروڑ 8 لاکھ 30 ہزار روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، واسا کا شعبہ پی اینڈ ایس اگست میں مین ہول کورز کی خریداری کرے گا۔
ماضی میں واسا انتظامیہ پلاسٹک ری کمپوزٹ کورز خریدنے سے متعلق تذبذب کا شکار رہی، ڈیڑھ سال قبل 10ہزار پلاسٹک ری کمپوزٹ مین ہولز کور خریدے گئے، مٹیریل مہنگا ہونے اور ایم آر ایس ریٹ بڑھنے سے مزید ڈھکن نہ خریدے جا سکے، ڈیڑھ سال بعد اب شہر کے تمام مین ہولز پر پلاسٹک کور لگائے جائیں گے۔
واسا انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پلاسٹک ری کمپوزٹ کے مین ہول کورز خریدنے کے لیے نئے ایم آر ایس ریٹ کے مطابق تخمینہ بنا لیا ہے، رواں مالی سال میں ہی یہ ڈھکن خریدے جائیں گے۔