دریائے راوی، سندھ میں پانی کی سطح بڑھنے لگی، متعدد مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب
(لاہور نیوز) دریائے راوی اور سندھ میں پانی کی سطح مسلسل بڑھنے سے مختلف مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب آ گیا ہے۔
شاہدرہ کے مقام پر پانی کی آمد 20 ہزار کیوسک ہو گئی ہے، ہیڈ بلوکی پر بہاؤ 67 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ماڑی پتن کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔
شرقپورشریف میں ایک شخص ریلے میں ڈوب کر جان کی بازی ہار گیا، کئی جانور بہہ گئے، ہیڈ گنڈا سنگھ پر بپھرے ستلج کی سطح مزید بلند ہو گئی ہے، بھارت سے آنے والے روہی نالے میں طغیانی آ گئی ہے، کئی دیواریں گر گئیں، لوگ چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور ہیں۔
ڈھولہ کے مقام پر بڑا حفاظتی بند ٹوٹ گیا، متعدد دیہات زیرآب آ گئے ہیں، بھوکاں پتن اور ہیڈ سلیمانکی پر بھی پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے، بہاولنگر میں کئی بند ٹوٹ گئے ہیں جس سے درجنوں آبادیاں شدید متاثر ہو چکی ہیں جبکہ چناب میں ہیڈ پنجند، سندھ میں گڈو بیراج پر پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے۔