23 Jul 2023
(لاہور نیوز) چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کی ہدایت پر قصور میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹ قصور کی جانب سے آگاہی مہم کا اہتمام کیا گیا۔
آگاہی مہم میں اسسٹنٹ کمشنر قصور محمد رضوان الحق، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور پولیس ڈپارٹمنٹ نے شرکت کی۔
چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کا کہنا ہے کہ آگاہی مہم کا مقصد لوگوں کو بچوں سے بدسلوکی اور استحصال کی روک تھام، چائلڈ ٹریفکنگ اور بچوں سے بھیک منگوانے کے خلاف آگاہی فراہم کرنا ہے، آگاہی مہم میں بچوں کے استحصال اور بدسلوکی سے پیدا ہونے والے اثرات کے بارے میں آگاہ کیا گیا ۔
چیئرپرسن سارہ احمد کا کہنا ہے کہ قصور میں بچوں کے استحصال اور زیادتی کے واقعات کی روک تھام کیلئے آگاہی فراہم کرنا نہایت ضروری ہے، بچوں سے استحصال، بدسلوکی اور چائلڈ ٹریفکنگ کے بارے میں چائلڈ ہیلپ لائن 1121پر اطلاع دیں۔