(لاہور نیوز) لاہور کی ایف آئی اے سنٹرل عدالت نے چودھری پرویز الہٰی کو 26 جولائی کو پیش کرنے کا حکم دیدیا،عدالت نے نامکمل چالان جمع کروانے اور عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کرنے پر ایف آئی اے حکام کو شو کاز نوٹس جاری کر دیا۔
لاہور کی اینٹی منی لانڈرنگ عدالت کے جج بخت فخر بہزاد نے چودھری پرویز الہٰی، مونس الہٰی اور جبران الہٰی کیخلاف نامکمل چالان پر سماعت کی، عدالت نے چودھری پرویز الہی کو ذاتی حیثیت میں پیش نہ کرنے اور چالان مکمل نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
عدالت نے آئی جی پنجاب کو چودھری پرویز الہٰی کو 26جولائی کی آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش کرنے کا حکم دیا، عدالت نے کیمپ جیل حکام کو تحریری جواب جمع کروانے جبکہ ایف آئی اے حکام کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔
یاد رہے ایف آئی اے نے چودھری پرویز الہٰی سمیت تین افراد کیخلاف اینٹی منی لانڈرنگ دفعات کے تحت نامکمل چالان عدالت میں جمع کروا رکھا ہے جس میں منی لانڈرنگ کے الزامات لگائے گئے ہیں ۔