(لاہور نیوز) کم شرح منافع کو جواز بنا کر پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن ( پی پی ڈی اے) نے 22 جولائی سے غیر معینہ مدت تک کے لیے پٹرول پمپس بند رکھنے کا اعلان کردیا۔
پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت نے منافع کی شرح 2.40 فیصد رکھی جو نامنظور ہے، ایرانی اور سمگل شدہ پٹرول سے سیل 30 فیصد گر گئی ہے۔
پی پی ڈی اے کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے بغیر ہیلمٹ پٹرول فروخت کرنے پر پابندی عائد کی جسے فوری ختم کیا جائے، پٹرول کی فروخت میں کمی سے مالی نقصان ہو رہا ہے جبکہ ملازمین کی تنخواہیں دینا بھی مشکل تر ہوتا جارہا ہے۔
پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی نے کہا ہے کہ تحفظات سے وزیر پیٹرولیم کو آگاہ کیا لیکن کوئی جواب نہیں دیا گیا، ہمارے مطالبات منظور کیے جائیں ورنہ 22 جولائی سے پٹرول کی سپلائی معطل کر دی جائے گی اور پٹرول پمپس کو احتجاجاً مطالبات کی منظوری تک بند رکھا جائے گا۔