20 Jul 2023
(لاہور نیوز) اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 50 روپے کے اضافے کے بعد 4 ہزار 750 روپے فی من ہو گئی، محکمہ خوراک ذخیرہ اندوزوں کو نکیل ڈالنے میں بری طرح ناکام ہو گیا۔
گندم کی قیمت میں اضافے کے بعد اوپن مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2900 روپے سے بھی تجاوز کر گیا، دوکاندار 20 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 920 روپے میں فروخت کررہے ہیں، 10کلو آٹے کا تھیلا 1 ہزار 450 روپے جبکہ 15 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 450 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
شہری مہنگی گندم اور آٹے کی روز بروز بڑھتی قیمت سے پریشان اور حکومت سے نالاں ہیں۔
ادھر فوڈ ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ ہماری گندم مارکیٹ میں نہیں ہے، ہمارا ذخیرہ ہمارے گوداموں میں ہے، پرائیویٹ مافیا کی کمر سرکار اپنی گندم ریلیز کر کے توڑ سکتی ہے۔