(ویب ڈیسک)ماہرین کی جانب سے چینی کا استعمال کرنے کے بعد جسم پر ہونے والے اثرات سے متعلق تحقیق جاری کردی گئی۔
ماہرین بنیادی طور پر مٹھاس کی مخصوص اقسام سے دوری کا مشورہ دیتے ہیں جیسے ریفائن اور پراسیس شکر المعروف چینی، جو سوڈا، آئس کریم اور ایسی ہی متعدد اشیا میں شامل ہوتی ہے۔اس طرح کی مٹھاس سے دوری کے متعدد فوائد ہوتے ہیں کیونکہ چینی میں موجود اضافی کیلوریز سے جسم یا صحت کو کوئی اضافی غذائیت نہیں ملتی بلکہ ان کے لیے empty calories کی اصطلاح استعمال ہوتی ہےکیونکہ ان سے جسمانی وزن میں اضافے اور دیگر طبی مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔
غذا میں چینی کے زیادہ استعمال کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ آپ دن بھر میں ضرورت سے زیادہ کیلوریز جسم کا حصہ بنا رہے ہیں۔اس کے نتیجے میں جسمانی وزن میں اضافے کے ساتھ ساتھ پیٹ اور کمر کے اردگرد چربی بھی بڑھتی ہے جو صحت کے لیے تباہ کن ثابت ہوتی ہے۔
اگر جسمانی وزن زیادہ ہوگا تو ممکنہ طور پر بلڈ کولیسٹرول کی سطح بھی زیادہ ہوگی جس کی ایک قسم خون میں موجود triglycerides چکنائی ہوتی ہے۔چینی کا استعمال کم کرنے سے جسمانی وزن میں کمی آتی ہے جس سے کولیسٹرول کی سطح بہتر ہوتی ہے۔خون میں چکنائی کی زیادہ مقدار سے امراض قلب کا خطرہ بڑھتا ہے۔چینی کا استعمال کم کرنے سے چکنائی کی سطح گھٹ جاتی ہے اور جسمانی وزن میں اضافہ بھی رک جاتا ہے جس سے امراض قلب کا خطرہ کم ہوتا ہے۔