دریاؤں اور آبی ذخائر میں پانی کی صورتحال بہتر: پن بجلی کی پیداوار میں بھی اضافہ
(ویب ڈیسک) دریاؤں اور آبی ذخائر میں پانی کی صورتحال بہتر ہونے پر واپڈا پن بجلی کی پیداوار میں بھی اضافہ ہو گیا۔
گزشتہ روز پیک آورز کے دوران واپڈا پن بجلی گھروں سے 7 ہزار 286 میگاواٹ بجلی پیدا ہوئی، پن بجلی کی پیداوار رواں سال اب تک حاصل ہونے والی سب سے زیادہ پیداوار ہے۔
آبی ذخائر کی سطح مزید بلند ہونے لگی ہے، منگلا سے ارسا کا انڈنٹ بڑھنے اور نیلم جہلم پراجیکٹ کی بحالی کے بعد پن بجلی کی پیداوار میں مزید اضافہ ہو گا۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز پیک آورز کے دوران تربیلا سے 3 ہزار 446 میگاواٹ بجلی پیدا ہوئی، تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے سے 1410 میگاواٹ اور غازی بروتھا سے 1450 میگا واٹ بجلی پیدا ہوئی۔
منگلا سے 275 میگاواٹ اور چشمہ سے 147 پن بجلی نیشنل گرڈ کو فراہم کی گئی، واپڈا کے دیگر پن بجلی گھروں سے 386 میگاواٹ بجلی پیدا ہوئی، واپڈا پن بجلی کی اوسط پیداواری لاگت 3 روپے 51 پیسے فی یونٹ ہے۔