(ویب ڈیسک) ایرانی کھجور پر ریگولیٹری ڈیوٹی 74سے کم کرکے 10فیصد کرنے کے حکومتی اقدام پر تاجر برادری نے اظہا تشکر کرتے ہوئے اپیل کی کہ دیگر مسائل پر بھی توجہ دی جائے۔
ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کی ہول سیل فوڈ سٹف کے حوالے سے قائمہ کمیٹی کے چیئرمین شیخ محمد فاضل نے کہا ہے کہ ایرانی کھجور پر ریگولیٹری ڈیوٹی 74سے کم کر کے 10فیصد کرنے پر حکومت کے مشکور ہیں۔
انہوں نے اپیل کی کہ درآمدی اشیائے خورونوش کو ترجیحی بنیادوں پر کلیئر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریٹیل کسٹمرز کے پاس جی ڈی، بل آف لینڈنگ یا کسٹم پیڈ ڈیوٹی کے کاغذات نہیں ہوتے کیونکہ وہ بڑے درآمد کنندگان سے یہ سامان خریدتے ہیں اس لئے ریٹیل کسٹمرز کو کاغذات کی آڑ میں پریشان نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ڈرائی پورٹ پر بعض مسائل کی وجہ سے درآمد کنندگان فیصل آباد سے مال کلیئر کرانے کی بجائے لاہور اور کراچی سے اپنے مال کی کلیئرنس کرانے کو ترجیح دیتے ہیں لہٰذا ارباب اختیار کو اس صورتحال کا تدارک کرنا ہوگا۔