(ویب ڈیسک) پاکستان کے ابھرتے ہوئے فاسٹ بولر میر حمزہ نے آئندہ دو سیریز کے لیے انگلینڈ کی کاؤنٹی واروکشائر کے ساتھ معاہدہ کر لیا۔
واروکشائر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اپنے اگلے دو سیریز کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر میر حمزہ کے ساتھ معاہدہ کیا گیا ہے۔
انگلش کاؤنٹی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق حمزہ اس ہفتے سے لنکا شائر کے خلاف کھیلنے کے لیے دستیاب ہوں گے ۔ پہلا میچ آج بدھ سے لنکا شائر کیخلاف شروع ہوگا اور اگلے منگل سے مڈل سیکس کے خلاف میچ کھیلا جائے گا ۔ دونوں میچز ایجبسٹن میں کھیلے جائیں گے۔
خیال رہے کہ میر حمزہ نے تین ٹیسٹ سمیت 95 فرسٹ کلاس کھیلے ہیں اور 22.40 کی اوسط سے 379 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
اس موقع پر فاسٹ باؤلر نے کہا کہ کاؤنٹی چیمپئن شپ میں کھیلنے کے حوالے سے مجھے یہ موقع ملا اس پر بہت خوش ہوں، میں نے دیکھا ہے کہ حسن علی نے گروپ میں کیا اثر ڈالا ہے اور میں آکر ان میچوں کو گیند سے متاثر کرنا چاہتا ہوں۔ میں جانتا ہوں یہ میچ کتنے اہم ہیں، خاص طور پر ایجبسٹن میں کتنے اہم ہیں، اس لیے میں اسے اپنا سب کچھ دوں گا۔
اس موقع پر واروکشائر کے پرفارمنس ڈائریکٹر گیون لارسن نے کہا کہ ہم میر حمزہ کو گروپ میں خوش آمدید کہتے ہوئے بہت خوش ہیں۔ میر کچھ عرصے سے حسن علی کے متبادل کے طور پر ہمارے ریڈار پر ہیں، لیکن ویزے کے مسائل کی وجہ سے اس ہفتے کینٹ میچ سے قبل ٹیم کے ساتھ شامل نہیں ہو سکے۔ اس کے باوجود ہم انہیں ٹیم میں لینے پر پرجوش ہیں۔