(لاہور نیوز) پری مون سون میں بارشوں سے ملکی آبی ذخائر میں پانی کا ذخیرہ بڑھنے لگا، گزشتہ برس کے مقابلے دو گنا سے بھی زیادہ پانی تین بڑے آبی ذخائر میں جمع ہو گیا۔
قبل از وقت مون سون سے ڈیمزمیں پانی کے ذخیرہ کی صورتحال بہتر ہو گئی، گزشتہ برس انہی دنوں میں تربیلا ،منگلا اور چشمہ میں پانی کا ذخیرہ 41 لاکھ 57 ہزار ایکڑ فٹ تھا جو اس وقت دو گنا سے بھی زیادہ ہو کر 85 لاکھ 67 ہزار ایکڑ فٹ ہو چکا ہے۔
تربیلا ڈیم میں گزشتہ برس وسط جولائی میں 29 لاکھ 5 ہزار ایکڑ فٹ پانی تھا جو اس وقت 39 لاکھ 42 ہزار ایکڑ فٹ ہو چکا ہے، منگلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ پانچ گنا اضافے سے 45 لاکھ 25 ہزار ایکڑ فٹ ہو چکا ہے۔
باقاعدہ مون سون شروع ہونے کے بعد ڈیمز میں پانی کا ذخیرہ مزید تیزی سے بڑھنے کا امکان ہے، تربیلا اور منگلا ڈیم استعداد کے مطابق 15 اگست تک بھرتے ہیں لیکن موجودہ صورتحال میں یہ ڈیمز قبل از وقت بھرنے کا امکان موجود ہے۔