(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر محکمانہ پروموشنز کے نئے سلسلے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پروموشن بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں 81 اہلکاروں کو ترقی دی گئی ۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق میرٹ اور سنیارٹی پر پورا اترنے والے 81 پولیس افسران اور اہلکاروں کو ترقی دی گئی۔46 اے ایس آئیز کو سب انسپکٹر اور35 ہیڈ کانسٹیبلز کو اے ایس آئی رینک پر ترقی دی گئی۔ پروموٹ ہونے والوں میں گوجرانوالہ ریجن کے افسران و اہلکار شامل ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پروموٹ ہونے والے افسران و اہلکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں لاہور سمیت تمام اضلاع اور ریجنز میں 7 ہزار مزید پروموشنز ہونگی۔
آئی جی پنجاب نے پروموٹ ہونے والے افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ پہلے سے زیادہ محنت و فرض شناسی سے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اور خدمت کریں، محکمہ کی جانب سے ملنے والی اس عزت افزائی کو فرائض کی بہترین ادائیگی کی صورت عوام تک پہنچائیں، لاہور سمیت دیگر ریجنز و اضلاع میں بھی جلد مزید پروموشنز کر دی جائیں گی۔