(لاہور نیوز) صوبائی وزیر ڈاکٹر جاوید اکرم نے سوشل ویلفیئر کی فوری ویب سائٹ بنانے کا حکم دے دیا۔
صوبائی وزیر ڈاکٹر جاوید اکرم نے سوشل ویلفیئر کمپلیکس ٹاؤن شپ کا دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سیکرٹری سوشل ویلفیئر ظہور حسین، ڈی جی مدثر ریاض ملک بھی موجود تھے۔ کمپلیکس میں قائم تمام شعبوں کے سربراہوں نے تفصیلی بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال نے وہاں مقیم افراد سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ ادارے میں دی جانے والی سہولیات کے متعلق بھی دریافت کیا اور انہیں بہترین سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی۔
ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت اور محکمہ سوشل ویلفیئر مل کر کام کریں گے۔ ادارے کی بہتری کے لئے فوری طور پر ایڈوائزری کمیٹی اور ویب سائٹ بنائی جائے۔ سوشل ویلفیئر میں شادی سے پہلے بلڈ ٹیسٹ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ ذہنی معذور بچوں کو بہترین رہائش اور کھانا دیا جائے گا۔ بے سہارا اور نادار افراد کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔